انٹربینک، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جسے حالیہ معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق غیر یقینی صورتحال میں کمی اور مثبت معاشی اشاریوں کے باعث روپے نے ڈالر سمیت دیگر اہم عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود مارکیٹ میں اعتماد بحال ہونا روپے کی مضبوطی کی بڑی وجہ ہے۔

عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی کارکردگی بہتر رہی۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر مسلسل دباؤ کا شکار رہا اور ایک موقع پر اس کی قدر 38 پیسے کی کمی کے ساتھ 278 روپے 97 پیسے تک گر گئی۔

تاہم بعد ازاں ڈالر کی طلب میں اضافہ ہونے پر کاروبار کے اختتام پر اس کی قدر 3 پیسے کمی کے ساتھ 279 روپے 22 پیسے پر بند ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : آئی پی ایل میں بڑا بریک تھرو، رائل چیلنجرز بینگلورو اربوں میں فروخت

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی روپے نے استحکام دکھایا، جہاں ڈالر کی قیمت میں 5 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 280 روپے 27 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

ماہرین کے مطابق اگر معاشی اشاریوں میں بہتری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد اسی طرح برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں روپے کی قدر مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے، تاہم عالمی حالات اور درآمدی دباؤ اس رجحان پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top