حکومت پاکستان نے توانائی کے بحران کے تناظر میں کم آمدن والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سستے پیٹرول کی فراہمی کا ایک جدید ڈیجیٹل طریقہ کار وضع کر لیا ہے جس کے تحت مستحق افراد کو موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت آئی ٹی کی جانب سے تیار کردہ یہ خصوصی موبائل ایپ اس وقت آزمائشی مراحل میں ہے اور اسے جلد ہی ملک بھر میں باقاعدہ طور پر متعارف کروا دیا جائے گا۔ اس اسکیم کا بنیادی ہدف موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان ہیں جنہیں ماہانہ بنیادوں پر 20 لیٹر پیٹرول پر رعایت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
اس نظام کو شفاف بنانے کے لیے ہر صارف کا کوٹہ اس کے شناختی کارڈ اور رکشہ یا موٹرسائیکل کے رجسٹریشن نمبر سے منسلک کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ملک بھر کے 12 ہزار پیٹرول پمپس پر اس مقصد کے لیے مخصوص نوزلز اور ڈیجیٹل سسٹم نصب کیا جائے گا۔ صارفین کو ایپ کے ذریعے واؤچرز جاری ہوں گے جنہیں پمپ پر دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ 800 سی سی گاڑیوں کو اس اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ابھی زیرِ غور ہے جبکہ سبسڈی سے باہر افراد کو عالمی مارکیٹ کی قیمتوں پر ہی پیٹرول خریدنا ہوگا۔
اس پورے نظام کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی تکنیکی خرابی یا غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ عوام اور عملے کی رہنمائی کے لیے تربیتی ویڈیوز بھی جاری کی جائیں گی تاکہ ایپ کے استعمال میں آسانی رہے۔





