مشیر خزانہ خیبرپختونخوامزمل اسلم کی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی صورتحال پر وفاقی وزراءکی تعریف

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سبسڈی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں کی قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم اور بلوچستان کے وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے شرکاء کو ملک بھر میں ایندھن کی دستیابی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا سلسلہ مکمل طور پر مستحکم اور مناسب ہے۔

اجلاس کے دوران وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے سبسڈی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے لیے مجوزہ تکنیکی حل پیش کیے گئے جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور توانائی کی بچت کے فروغ کے لیے عوامی طرز عمل میں تبدیلی لانے کی اہمیت پر زور دیا۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جامع پالیسی منظر نامے تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ براہ راست صارفین تک پہنچایا جانا چاہیے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی صورتحال پر وفاقی وزراء کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان میں تیل کی سپلائی کا انتظام خطے کے کئی دیگر ممالک کے مقابلے میں کہیں بہتر رہا ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کو محض ایک رکاوٹ سمجھنے کے بجائے اسے دور رس ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروانے کے بہترین موقع کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق تمام صوبائی نمائندوں نے موجودہ پالیسی آپشنز پر اپنی تجاویز پیش کیں تاکہ پیٹرولیم سیکٹر میں بہتری لائی جا سکے۔

Scroll to Top