اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سفارتی سطح پر بھارت اس وقت رل گیا ہے اور مودی سمیت چند افراد اپنا منہ نوچ رہے ہیں۔
یہ بیان انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران دیا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت موجودہ خطے کی صورتحال میں ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلفشار میں گرے ہوئے ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات مضبوط ہیں اور سب ممالک کا یکساں مفاد ہے کہ خطے میں امن قائم رہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے بعد مسلم دنیا میں پاکستان کا کردار بہت واضح ہوا ہے۔ پہلے پاکستان کا اتنا کلیدی کردار نہیں تھا، لیکن آج دنیا پاکستان پر اعتماد کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت اور ہائبرڈ سسٹم اس وقت بہترین طریقے سے کام کر رہا ہے اور ہمیں موقع ملا ہے کہ ہم تاریخ میں اپنا مقام بنا سکیں۔
خواجہ آصف نے خطے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی ثالثی میں شامل ہے اور دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان اتنے بڑے تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فینسی نمبر پلیٹس والے خبردار، اہم انتباہ جاری
انہوں نے ایران اور امریکا کے مذاکرات کی میزبانی پر کہا کہ اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا مودی سمیت چار پانچ کا یہ گروپ اس وقت اپنا منہ نوچ رہے ہیں، ہمیں ثالثی پر طعنے دے رہے ہیں، تو یہ یوکرین میں کیا کر رہے تھے؟
یوکرین کی جنگ آج بھی ختم نہیں ہوئی اور بھارتی اس وقت بڑا کریڈٹ لے رہے تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر بھارت اس وقت رل گیا ہے اور پاکستان کی قیادت کی عالمی سطح پر پذیرائی اور ثالثی کے کردار نے بھارت کو دباؤ میں ڈال دیا ہے۔





