اسلام آباد: پنجاب میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے امکان کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں 14 اکتوبر تک بارش ہوسکتی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے، جس کے باعث صوبے کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ پیشگوئی کے مطابق 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایلون مسک کے بیان نے بھارتی سرکار ہلا کر رکھ دی
اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور قصور میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی بھی ممکنہ بارش والے اضلاع میں شامل ہیں۔ دوسری جانب 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی ہلکی بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
بارش کے بعد واسا کی ہدایت پر نکاسی آب کے لیے عملہ فیلڈ میں موجود ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کی نگرانی کنٹرول روم سے کی جارہی ہے۔
ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں : ساڑھے 13 سال میں خیبرپختونخوا کو پتھر کے زمانے میں پہنچا دیا، عطا اللہ تارڑ پی ٹی آئی پر برس پڑے
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے ساتھ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے متعلقہ حکام کو بھی ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔ ان علاقوں کا سفر کرنے والے افراد کو موسم کی صورت حال اور سڑکوں کی حالت پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور آندھی کے دوران شہری بوسیدہ عمارتوں اور کچے مکانات میں رہنے سے گریز کریں۔ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور محفوظ مقامات پر رہنے کو ترجیح دیں۔
آسمانی بجلی چمکنے کی صورت میں کھلے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں۔
اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔





