چھ سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی لندن کے لیے پرواز دوبارہ شروع ہو گئی، جس سے مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
برطانوی روٹ پر پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ استعمال کیا گیا، جو 329 مسافروں کو لے کر روانہ ہوا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں برطانوی ہائی کمشنر اور سیکرٹری دفاع نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں مسافروں نے لندن کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق لندن کے لیے پاکستان سے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ ہوں گی، جبکہ برطانوی شہر مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شروع کی جا چکی ہیں۔ اس اقدام سے برطانوی روٹ پر پی آئی اے کی خدمات میں دوبارہ بہتری اور مسافروں کے لیے سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔





