خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ اور اتوار کو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے باقاعدہ تجاویز تیار کر لی گئی ہیں، جن کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے۔ منظوری کے بعد اس فیصلے کا ملک بھر میں اطلاق کر دیا جائے گا۔
مجوزہ منصوبے کے تحت اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دورانیہ ہفتہ کی دوپہر 12 بجے سے اتوار کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک ہوگا۔ اس دوران تمام کاروباری و کمرشل سرگرمیاں، مارکیٹس اور شادی ہالز بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
تاہم عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کو کھلا رکھنے کی تجویز شامل ہے، جبکہ اسپتال، فارمیسیز اور دیگر ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ اس کے علاوہ بندرگاہوں، ریلوے اور فضائی آپریشن کو بھی متاثر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام توانائی کے استعمال میں کمی اور موجودہ حالات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، جبکہ عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی جائے گی۔





