نسیم شاہ کی متنازع ٹویٹ پر پی سی بی کا ایکشن،بھاری جرمانہ عائد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے خلاف سوشل میڈیا پر متنازع پیغام جاری کرنے کے معاملے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ان پر دو کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

پی سی بی کی تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی کی جانب سے یہ فیصلہ سنٹرل کنٹریکٹ اور سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے اس معاملے پر 27 مارچ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس کے بعد ہونے والی سماعت میں نسیم شاہ نے غیر مشروط معافی بھی مانگی تھی تاہم کمیٹی نے پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔

اس تادیبی کارروائی کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے نسیم شاہ کے سوشل میڈیا ایڈوائزر کے خلاف بھی بڑا قدم اٹھایا ہے اور انہیں فوری طور پر برطرف کرنے کے ساتھ ساتھ بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔

بورڈ کے فیصلے کے مطابق مذکورہ ایڈوائزر اب مستقبل میں پی سی بی کے کسی بھی کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی کے ساتھ کام کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کھیل اور ادارے کے وقار کو برقرار رکھا جا سکے۔

Scroll to Top