بارشوں کا نیا سلسلہ کب شروع ہوگا، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی جاری

بارشوں کا نیاسلسلہ کب شروع ہوگا،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی جاری

محکمہ موسمیات نے ملک میں مغربی ہواؤں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کی ہے جو یکم اپریل سے ملک میں داخل ہوگا اور 4 اپریل تک مختلف علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔

اس موسمی نظام کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ سیاحتی مقام گلیات میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح پنجاب کے میدانی اور جنوبی حصوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ساحلی شہر کراچی سمیت اندرونِ سندھ میں 2 سے 4 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس شدید موسمی صورتحال کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ مغربی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ (اچانک سیلابی صورتحال) کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top