خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کاہائی الرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کاہائی الرٹ جاری

شاہدجان

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں یکم اپریل سے 4 اپریل تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے صوبہ بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، اس دوران چترال، سوات، شانگلہ، دیر، کوہستان، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں شدید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اسی طرح پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان اور وزیرستان سمیت میدانی علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور بادل برسنے کی توقع ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ (اچانک سیلابی صورتحال) کا خطرہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن **1700** پر دیں۔

Scroll to Top