سوات: کالام مہوڈنڈ روڈ پر گلیشیئر گرنے کے واقعے کے بعد اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (USDA) نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے روڈ کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا۔
اس کارروائی کی ہدایت سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا سعادت حسن نے دی جبکہ آپریشن کی قیادت ڈائریکٹر جنرل شوزب عباس نے کی۔
اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بھاری مشینری اور اہلکاروں نے ابتدائی مرحلے میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو کیا۔
ترجمان سعید الرحمان کے مطابق تقریباً 15 گاڑیوں میں موجود 35 سے زائد سیاحوں کو بروقت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
مشینری کے مسلسل پانچ گھنٹے کی انتھک محنت کے بعد کالام مہوڈنڈ روڈ کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا، جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی تفصیلات جاری
ریسکیو آپریشن میں ضلع انتظامیہ، سوات پولیس، ٹورازم پولیس اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو (1122) کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا اور مؤثر معاونت فراہم کی۔
اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ برفباری اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محکمہ سیاحت کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔





