آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت فی کلو قیمت میں 78 روپے 28 پیسے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 304 روپے 12 پیسے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت اب 3 ہزار 588 روپے 59 پیسے ہوگی۔ قیمتوں میں اس اضافے کا اطلاق یکم اپریل 2026 سے ہوگا اور یہ مقامی و درآمدی دونوں قسم کی ایل پی جی پر نافذ العمل ہوں گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایل پی جی پروڈیوسر پرائس 3 ہزار 101 روپے 25 پیسے فی سلنڈر مقرر کی گئی ہے، جس میں مارکیٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسپورٹ مارجن بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے عام صارفین پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔





