خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے طول و عرض میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت6.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 190 کلو میٹر تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان میں کوہِ ہندوکش کا ریجن تھا۔

زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ پشاور، سوات، بونیر، شانگلہ، چارسدہ، باجوڑ، لکی مروت، لوئر دیر اور ایبٹ آباد میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

صوبے کے دیگر اضلاع جن میں مردان، نوشہرہ، کرک، ہنگو، کوہاٹ، بنوں اور ضلع مہمند شامل ہیں وہاں بھیش زلزے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

کالام، دیر بالا اور چترال میں بھی زلزلے کی شدت کافی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم اتنی زیادہ شدت کے جھٹکوں کے بعد انتظامیہ نے ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی آفٹر شاک  کی صورت میں محتاط رہیں اور بلند عمارتوں سے دور رہیں۔

Scroll to Top