وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ دنیا بھرمیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جہاں سے تیل آتا ہے وہاں آگ لگی ہوئی ہے، تاہم وزیراعظم غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈی دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ فری کر دی گئی ہے اور ریلوے کے کرایوں میں اضافے کو بھی روک دیا گیا ہے۔
اختیار ولی خان نے تیمور جھگڑا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے خزانے کو تباہ کر کے رکھ دیا گیا ہے اور ان کے پاس جوتوں اور ٹوپیوں پر قیدی نمبر 804لکھنے کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے سوال کیا کہ 1300 کروڑ روپے کہاں گئے؟ اور الزام لگایا کہ رمضان پیکج وزیروں اور مشیروں میں تقسیم کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے پاس عوامی فلاح کے بجائے صرف گندی سیاست ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ پروپیگنڈے سے دور رہیں کیونکہ وزیراعظم عوام کے مسائل سے غافل نہیں ہیں۔ اختیار ولی نے زور دیا کہ اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ ملک بحران سے محفوظ رہے۔





