پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرضروری اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ سبسڈی کے معاملے پر آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے میں ناکامی ہوئی ہے اور عام پاکستانی و غریب کاشتکار اس سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں دیگر رہنماوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم نے دو بار قیمتیں نہ بڑھانے پر مبارکبادیں وصول کیں، لیکن عوام کو دھوکا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب سبسڈی کے نام پر فراڈ کیا جائے گا اور حکومت عوام کے حقوق سے غافل ہے۔
اس موقع پر تیمور سلیم جھگڑا نے بھی کہا کہ پیٹرول بم پہلے ہی گر چکا تھا، اور نئی قیمتیں مزید بحران پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گزشتہ چار سال میں پیٹرولیم مصنوعات میں ریکارڈ بدترین اضافہ ہے اور قیمتیں بڑھانے کا اعلان حکومتی وزیروں نے کیا، جبکہ وزیراعظم خود عوام کو اعتماد میں نہیں لیتے۔





