خیبر پختونخوا میں سبز انقلاب کا آغاز! 7 شہروں میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ سے شہری زندگی بدلنے والی ہے

خیبر پختونخوا میں سبز انقلاب کا آغاز! 7 شہروں میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ سے شہری زندگی بدلنے والی ہے

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سات بڑے شہروں میں جدید گرین پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے قیام کے لیے 20 کروڑ امریکی ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی سفارش ایشیائی ترقیاتی بینک نے کی ہے۔ منصوبے کے تحت پشاور، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور مینگورہ (سوات) میں ماحول دوست اور کم اخراج والی گاڑیاں شہریوں کی خدمت میں متعارف کرائی جائیں گی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد نہ صرف شہریوں کو محفوظ، منظم اور قابل رسائی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ کم اخراج والی گاڑیوں کے استعمال سے صوبے میں فضائی آلودگی میں نمایاں کمی لانا بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے اور شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

منصوبے کے مالی ڈھانچے کے مطابق مجموعی 20 کروڑ ڈالر قرض میں 15 کروڑ ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک کے عام مالی وسائل سے فراہم کیے جائیں گے جبکہ 5 کروڑ ڈالر رعایتی بنیادوں پر دیے جائیں گے، جس سے منصوبے پر مالی بوجھ کم رہے گا۔

خاص بات یہ ہے کہ منصوبے میں خواتین کے لیے محفوظ اور صنفی لحاظ سے حساس سفری سہولیات بھی متعارف کرائی جائیں گی تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہو۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی اقدام صوبے میں ماحولیاتی تحفظ، جدید شہری نظام اور عوام کی سہولت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا اور خیبرپختونخوا کے شہریوں کے لیے ایک نئی سہولت کی نوید لے کر آئے گا۔

Scroll to Top