معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی پر وزیراعظم کو چور کہنے والے آج خود بدترین معاشی فیصلے کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام پر عذاب بن چکی ہے اور ایک نااہل ٹولہ ملک پر مسلط ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں نے غریب عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
شفیع جان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رات کے اندھیرے میں قیمتیں بڑھا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ملک میں اضافہ کرنا سراسر ظلم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حالیہ بارشوں کاسلسلہ! وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے نوٹس لے کر ہنگامی اقدامات کا اعلان کر دیا
شفیع جان نے کہا کہ پی ٹی آئی دور کے مقابلے میں اس وقت عالمی سطح پر پٹرول سستا ہے لیکن اس کے باوجود عوام کی جیبوں پر پٹرول بم گرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت عوامی مفاد کے بجائے اقتدار کے حصول پر توجہ دے رہی ہے اور ملک کو شدید معاشی بحران کی طرف دھکیل دیا گیا ہے۔
شفیع جان نے میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں معمولی اضافے پر شور مچایا جاتا تھا مگر اب خاموشی اختیار کر لی گئی ہے۔





