خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے تاریخی فنڈز کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے خصوصی قبائلی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ کے دورے کے دوران قومی امن جرگہ کے قائدین سے ملاقات کی جس میں علاقے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ قبائلی مشران کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کی جانے والی جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ قبائلی مشران نے جس دانشمندی اور تدبر سے حالات کو سنبھالا وہ لائقِ ستائش ہے، امن کا قیام اولین ترجیح ہے کیونکہ اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے اگر اپنی آئینی حدود میں رہ کر ذمہ داریاں ادا کریں تو نہ صرف امن قائم ہو سکتا ہے بلکہ دیرینہ مسائل بھی حل کیے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہید بچوں اور خواتین کی نماز جنازہ، وزیراعلیٰ کی غیر حاضری نے دکھ اور سوالیہ نشان چھوڑ دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے خصوصی قبائلی پیکج پر کام جاری ہے جس میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی تاکہ علاقے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Scroll to Top