اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ امید ہے خیبر پختونخوا حکومت فیول سبسڈی اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وفاق کے ساتھ تعاون کرے گی۔
انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کی کوشش ہے کہ جنگ بندی ہو اور معاملات دوبارہ معمول پر آئیں، ان کا کہنا تھا کہ حالات بہتری کی جانب بڑھنے کی امید ہے اور امن کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
مذاکرات سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے، اس لیے اس پر باضابطہ مؤقف دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے ہی آنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بعض حلقوں نے ایک مخصوص میٹنگ کو غلط انداز میں پیش کیا، حالانکہ دفتر خارجہ پہلے ہی اس کی تردید کر چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خارجہ امور بیک وقت کئی سطحوں پر چلتے ہیں، اس لیے ان معاملات کو متعلقہ اداروں پر چھوڑ دینا چاہیے، انہوں نے زور دیا کہ فارن پالیسی جیسے حساس معاملات کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : اختیار ولی خان اچھا انسان ہیں لیکن بے اختیار ہیں، والفقار خان
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے مختلف ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور ان میں کوئی خرابی نہیں آئی، متحدہ عرب امارات کو رقم کی واپسی کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ایک معمول کا معاملہ ہے جس پر دفتر خارجہ پہلے ہی اپنا مؤقف دے چکا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا نے پاکستان تحریک انصاف پر زور دیا کہ وہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے تنقید برائے اصلاح کو فروغ دے انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو کچھ ریلیف ملا ہے اور حکومت عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔





