پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایت پر موٹر سائیکل، اسکوٹر اور رکشہ مالکان کے لیے احساس فیول سپورٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے اور مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ پروگرام کے تحت اہل افراد کو ہر ماہ 2,000 روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوامی فلاح اور عام آدمی کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ پروگرام کو زیادہ آسان اور شفاف بنانے کے لیے دستک ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے مستحق افراد براہِ راست اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ یہ پروگرام عوام دوست اقدامات کا تسلسل ہے اور بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کے مشکلات کم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : میٹرک کے سالانہ امتحانات ملتوی، طلبہ کے لیے بڑی خبر آگئی
انہوں نے نشاندہی کی کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے، لیکن صوبائی حکومت عملی اقدامات کے ذریعے ان پر بوجھ کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
شفیع جان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہر سطح پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے اور احساس فیول سپورٹ پروگرام اس سلسلے میں ایک اہم قدم ہے۔





