پاکستان میں ماحول دوست سواریوں کے فروغ اور صارفین کو مہنگائی کے بوجھ سے نکالنے کے لیے میزان بینک نے ویلکٹرا الیکٹرک موٹر سائیکلز کے ساتھ ایک خصوصی شراکت داری کا آغاز کر دیا ہے۔
اس نئے پروگرام کے تحت صارفین ویلکٹرا کی جدید الیکٹرک بائیکس بغیر کسی سود یا مارک اپ کے ایک سال کی آسان اقساط پر حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ سہولت میزان بینک کے ‘اپنی بائیک’ پروگرام کا حصہ ہے جو اسلامی فنانسنگ کے مستند اصول مسوامہ (Musawamah) پر مبنی ہے۔
اس ماڈل میں صارف کو کسی قسم کا اضافی سود یا مارک اپ ادا نہیں کرنا پڑتا، بلکہ وہ 12 ماہ کے دوران بائیک کی اصل قیمت ہی آسان ماہانہ اقساط میں ادا کرتا ہے۔
بینک حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو شریعت کے مطابق مالیاتی اختیارات فراہم کرنا اور ملک میں الیکٹرک بائیک کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
ویلکٹرا الیکٹرک موٹر سائیکلز اپنی جدید ٹیکنالوجی اور کارکردگی کے باعث مارکیٹ میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔
ان بائیکس میں 1500 سے 2000 واٹ تک کی طاقتور الیکٹرک موٹرز نصب کی گئی ہیں جو شہری سفر کو نہ صرف موثر بناتی ہیں بلکہ پیٹرول کے مہنگے اخراجات سے بھی نجات دلاتی ہیں۔
یہ بائیکس خاص طور پر ماحول دوست سفری ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پولیس اسٹیشنوں میں کھڑی گاڑیوں کا معاملہ، تفصیلات طلب کر لی گئیں
وہ تمام صارفین جو پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں اور الیکٹرک بائیک خریدنا چاہتے ہیں، وہ اپنی اہلیت اور فنانسنگ کے مختلف اختیارات جاننے کے لیے کسی بھی قریبی میزان بینک برانچ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بینک کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے بھی آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔
ماہرینِ معیشت نے اس پروگرام کو پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو عام کرنے اور سستی، ماحول دوست سواری کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
میزان بینک اور ویلکٹرا کی یہ شراکت صارفین کے لیے جدید اور کم خرچ سفری حل فراہم کرنے کے لیے ایک قدم آگے ہے، جو شہری سفر کو ماحول دوست، سستا اور موثر بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔





