حکومت نے غیر قانونی موبائل سمز اور غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں سی ٹی ڈی کو خصوصی ٹاسک دیا جائے گا اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق، جعلی شناخت پر جاری ہونے والی سمز کو بلاک کرنے کے لیے نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیٹا کا استعمال کیا جائے گا تاکہ ہر غیر قانونی سم فوری طور پر معطل کی جا سکے۔
پنجاب بھر میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، اور حکام کے مطابق ہزاروں غیر قانونی غیر ملکی پہلے ہی ملک بدر کیے جا چکے ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
مزید برآں، سکیورٹی اداروں کو سرچ اور کومبنگ آپریشنز بڑھانے، مشکوک افراد کی نگرانی اور دستاویزات کی سخت چیکنگ کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک میں غیر قانونی سرگرمیوں اور موبائل سمز کے غلط استعمال کو روکنے میں اہم ثابت ہو سکتا ہے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ہوگا۔





