عالمی نظریں اسلام آباد پر!ایران امریکا مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہونگے

عالمی نظریں اسلام آباد پر!ایران امریکا مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہونگے

ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، جس میں حتمی جنگ بندی اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔

ایرانی سپریم سکیورٹی کونسل کے مطابق امریکا کو پاکستان کے ذریعے 10 نکات پر مشتمل تجویز ارسال کر دی گئی ہے، جن میں پابندیاں اٹھانے اور بیرونِ ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی جیسے اہم مطالبات شامل ہیں۔ کونسل کا کہنا ہے کہ مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے اور موجودہ جنگ بندی کو ایران اپنی بڑی کامیابی سمجھتا ہے۔

دوسری جانب امریکی میڈیا، بالخصوص سی این این، نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایرانی حکام سے اسلام آباد میں مذاکرات کی تیاری کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف ممکنہ طور پر امریکی وفد کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس اس وقت ہنگری میں موجود ہیں، تاہم اسلام آباد میں متوقع اہم مذاکرات کے باعث ان کا دورہ مختصر کیا جا سکتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ان مذاکرات میں پاکستانی نمائندے بھی شریک ہوں گے، جو ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے 10 نکاتی تجویز موصول ہو چکی ہے، جو بامعنی مذاکرات کے لیے ایک قابلِ عمل بنیاد فراہم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران طویل المدتی امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں اور کئی اہم اختلافی نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد میں متوقع یہ مذاکرات خطے کی سیاست میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اس پیش رفت پر مرکوز ہیں۔

Scroll to Top