ڈیرہ غازی خان: ملک کے سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی کھوسہ لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ ان کی عمر 90 برس تھی۔
اہل خانہ کے مطابق سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ عوامی خدمت اور سیاست کے لیے وقف کیے رکھا۔
وہ 1962 میں پہلی مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور بعد ازاں طویل سیاسی سفر کے دوران متعدد اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ مختلف ادوار میں صوبائی وزیر، مشیر، سینیٹر اور گورنر پنجاب کے منصب پر خدمات انجام دیتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں : معید پیرزادہ کی پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم ،بھارتی چینلز پر جا کر پاکستان خلاف سازشیں
وہ طویل عرصے تک پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ رہے اور نواز شریف کے جلاوطنی کے دور میں پنجاب میں پارٹی کے صدر بھی رہے۔ بعد ازاں 2018 کے عام انتخابات سے قبل انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کا جسدِ خاکی آبائی شہر ڈیرہ غازی خان منتقل کیا جائے گا جہاں ان کی نمازِ جنازہ کل ادا کی جائے گی۔
ان کے انتقال پر ملک کی سیاسی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مرحوم کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آگئی
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ ایک دیانتدار، زیرک اور مدبر سیاستدان تھے، جن سے ان کے ذاتی تعلقات بھی رہے اور ہمیشہ محبت و شفقت ملی۔
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے انتقال سے پاکستان کی سیاست میں ایک باوقار اور مہذب کردار کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے۔





