محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے بعد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 17 اور 18 اپریل کے دوران پنجاب اور شمالی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مغربی علاقوں اور بلوچستان کے شمالی حصوں میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے، جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔





