نئی دہلی میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس پر سیکڑوں خواتین کو محبت کے جال میں پھنسا کر دھوکہ دینے اور بھاری رقم ہتھیانے کا الزام ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزم آنند مختلف جعلی شناختیں استعمال کرتا تھا اور خود کو کبھی ڈاکٹر، کبھی فلم پروڈیوسر، کبھی وکیل اور کبھی کامیاب بزنس مین کے طور پر پیش کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ ایپس پر متعدد جعلی پروفائلز بنا رکھے تھے، جن کے ذریعے وہ خواتین سے رابطہ کرتا اور انہیں محبت اور شادی کے جھوٹے وعدوں میں الجھاتا تھا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم پہلے جذباتی تعلق قائم کرتا، پھر مختلف بہانوں جیسے میڈیکل ایمرجنسی یا کاروباری نقصان کا بہانہ بنا کر رقم طلب کرتا، اور رقم ملنے کے بعد غائب ہو جاتا تھا۔ بعض متاثرہ خواتین کو ماڈلنگ یا بڑی کمپنیوں میں نوکری دلانے کے جھانسے بھی دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا شکریہ، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل زبردست شخصیات ہیں، ٹرمپ
پولیس کے مطابق ملزم نے مجموعی طور پر 500 سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا اور ان سے تقریباً 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ہتھیائی۔
یہ فراڈ اس وقت سامنے آیا جب ایک متاثرہ خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز ہوا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید متاثرین کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔





