مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑی کمی، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

حکومت نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مٹی کے تیل کی قیمت میں 21 روپے 34 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت اب 428 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں بھی 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کی نمایاں کمی کی تھی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 353 روپے 42 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے تاہم پیٹرول کی قیمت کو 366 روپے 58 پیسے پر برقرار رکھا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ان قیمتوں میں کمی کی منظوری دی ہے لیکن عوامی حلقوں کی جانب سے یہ شکایت سامنے آ رہی ہے کہ ڈیزل سستا ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں اب تک کوئی کمی نہیں کی گئی اور عوام پیٹرول کی قیمتوں میں بھی مزید کمی کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جہاں برینٹ خام تیل 12 فیصد کمی کے بعد 86 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں بھی اسی طرح کی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جس کا فائدہ مقامی صارفین تک پہنچانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top