نیوزی لینڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔ یہ کیویز کا مجموعی طور پر تیسرا چیمپئنز ٹرافی فائنل ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔ راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے شاندار سنچریاں اسکور کیں، جبکہ ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے 49، 49 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی اینگیڈی نے 3، کگیسو رباڈا نے 2 اور ویان ملڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے محتاط آغاز کیا، تاہم مڈل اوورز میں وکٹیں گنوانے کے بعد میچ نیوزی لینڈ کے حق میں چلا گیا۔ کپتان باووما (56) اور ڈوسن (69) نے 105 رنز کی شراکت داری قائم کی، مگر ان کے آؤٹ ہوتے ہی جنوبی افریقی بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔
اختتامی لمحات میں ڈیوڈ ملر نے جارحانہ سنچری اسکور کی، لیکن وکٹوں کے تسلسل سے گرنے اور بڑھتے رن ریٹ کے باعث وہ اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک نہ پہنچا سکے۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے فائنل میں جگہ بنا کر چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی امیدیں برقرار رکھیں۔