آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کب لانچ ہوں گے؟ تاریخ سامنے آگئی

ایپل مبینہ طور پر اپنی نئی فلیگ شپ اسمارٹ فون سیریز کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے، جس کے تحت iPhone 18 Pro اور iPhone 18 Pro Max ستمبر 2026 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ٹیکنالوجی ذرائع کے مطابق اس بار Apple اپنی لانچ حکمت عملی میں اہم تبدیلی کرنے جا رہا ہے۔ نئی حکمت عملی کے تحت پرو ماڈلز کو ستمبر 2026 میں پیش کیا جائے گا، جبکہ بنیادی اور نسبتاً سستے ماڈلز 2027 کے موسمِ بہار میں مارکیٹ میں لائے جانے کی توقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق نئی آئی فون سیریز کی سب سے بڑی تبدیلی اس کے اندرونی ہارڈویئر میں ہوگی، جہاں کمپنی اپنی پہلی 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی اے 20 چپ متعارف کرانے جا رہی ہے۔

یہ چپ نہ صرف تیز رفتار کارکردگی فراہم کرے گی بلکہ بہتر پاور ایفیشنسی کے باعث بیٹری لائف میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔

ڈیزائن کے حوالے سے بڑی تبدیلیوں کی بجائے اس بار “ڈائنامک آئی لینڈ” کے سائز میں کمی کی اطلاعات ہیں، جس سے ڈسپلے مزید بہتر اور وسیع محسوس ہوگا۔

اس کے ساتھ کیمرہ سسٹم میں ویری ایبل اپرچر ٹیکنالوجی شامل کیے جانے کا امکان ہے، جس سے صارفین مختلف روشنی کے حالات میں بہتر کنٹرول حاصل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے حکومت کا بڑا اور ہنگامی فیصلہ

ٹیک انڈسٹری رپورٹس کے مطابق نئے ماڈلز میں سام سنگ کا جدید امیج سینسر اور بہتر ٹیلی فوٹو لینس بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے، جو فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ کے معیار کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔

کنیکٹیویٹی کے حوالے سے ایپل ایک نیا سی 2 موڈیم متعارف کرانے کی تیاری میں ہے، جو مبینہ طور پر سیٹلائٹ انٹرنیٹ جیسی جدید سہولیات کی سپورٹ فراہم کر سکتا ہے۔

قیمت کے حوالے سے ابتدائی اندازوں میں کہا جا رہا ہے کہ پرو ماڈلز کی قیمت میں بڑی تبدیلی کا امکان کم ہے، تاہم حتمی اعلان لانچ کے وقت ہی سامنے آئے گا۔

دوسری جانب ٹیک انڈسٹری میں یہ بھی چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ Apple 2026 کے دوران اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرا سکتی ہے، جو کمپنی کے ڈیوائس پورٹ فولیو میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top