پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (EO-3) کو چین کے تائیوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر (TSLC) سے کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابقEO-3سیٹلائٹ کا لانچ خود انحصاری اور تکنیکی مہارت کے سفر میں ایک سنگ میل ہےجو شہری منصوبہ بندی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں انقلاب برپا کرنے کے لیے ہائی ریزولوشن امیجنگ ڈیٹا فراہم کرے گا۔
یہ سیٹلائٹ مستقبل میں زمین کے مشاہدے کے ایک مربوط نظام (Earth Observation System) کے لیے بنیاد فراہم کرے گاجس سے متعدد شعبوں میں قومی ترجیحات کو سہارا ملے گا اور ملک کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا ہوگا۔
اس تاریخی موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی بھرپور تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کے دیرینہ دوست ملک چین کے غیر متزلزل تعاون کا بھی خصوصی اعتراف کیا ہے۔





