واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے سالانہ کورسپونڈنٹ ڈنر کے دوران اچانک افرا تفری پھیل گئی جب فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شوٹر کو حراست میں لے لیا۔
تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ترمپ کچھ ہی دیر میں خطاب کرنے والے تھے کہ اچانک صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ سیکرٹ سروس کے اہلکار فوری طور پر حرکت میں آئے اور صدر ٹرمپ کو بحفاظت ہال سے باہر منتقل کر دیا۔
یہ واقعہ وائٹ ہاؤس کورسپونڈنٹ ڈنر کے دوران پیش آیا جہاں اعلیٰ حکومتی شخصیات، صحافیوں اور دیگر اہم افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی نائب صدر جے ڈی وینس اور کابینہ کے دیگر ارکان کو بھی فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا سی این این کے مطابق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ مکمل طور پر محفوظ ہیں جبکہ ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق کابینہ کے تمام ارکان بھی خیریت سے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق تقریب کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ ہوئی ہے کی آوازیں لگائیں، جس کے بعد فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے گئے اور مقام کو گھیرے میں لے لیا گیا، واقعے کے بعد صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
روسی میڈیا آر ٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے شوٹر کو موقع پر ہلاک کر دیا گیا ہے۔





