پشاور: ضلع اورکزئی میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شوکت علی نے تھانہ ڈبوری کا دورہ کیا اور امن جرگے میں شرکت کی۔
دورے کے موقع پر شوکت علی کے ہمراہ اورکزئی سکاؤٹس کے کرنل سجاد اور اسسٹنٹ کمشنر اپر بھی موجود تھے۔ اس دوران اپر اورکزئی کے علماء کرام اور مقامی مشران کے ساتھ ایک اہم جرگہ منعقد کیا گیا جس میں علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
جرگے میں پائیدار امن کے قیام، مقامی سطح پر ہم آہنگی کے فروغ اور سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے میں دیرپا امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شوکت علی نے علماء کرام اور مشران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ ہی امن کی بنیاد ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر بنائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : نئی گاڑی، نئی ٹیکنالوجی: ایم جی نے جدید ہائبرڈ گاڑی متعارف کرا دی
اس موقع پر کرنل سجاد نے کہا کہ اورکزئی سکاؤٹس علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مقامی مشران اور عوام کا تعاون سیکیورٹی اداروں کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
جرگے کے شرکاء نے بھی امن کے قیام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔





