مزدور ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، صدر اور وزیراعظم کا لیبر ڈے پر پیغام

عالمی یومِ مزدور کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو قومی ترقی میں بنیادی ستون قرار دیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مزدوروں کی قربانیاں منصفانہ اجرت، مناسب اوقاتِ کار اور باوقار حالاتِ کار جیسے تصورات کی بنیاد ہیں۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ 1886 میں شکاگو کے مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جس کی یاد میں دنیا بھر میں یکم مئی منایا جاتا ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کا آئین استحصال کے خاتمے اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ ان کے مطابق ملک کے محنت کش تعمیرات، زراعت اور صنعت سمیت ہر شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور صرف معیشت کا حصہ نہیں بلکہ اس کی بنیاد ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت جبری مشقت، چائلڈ لیبر کے خاتمے اور امتیازی سلوک سے پاک ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یومِ مزدور منایا جارہا ہے

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں محنت کشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ مزدور، کسان اور کاریگر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی مزدور کی محنت، لگن اور مشکلات برداشت کرنے کا جذبہ مثالی ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔

شہباز شریف نے بیرونِ ملک کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کو ملک کے سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ زرمبادلہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہنر مند افرادی قوت کی تربیت کے لیے جدید پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاکہ عالمی معیار حاصل کیا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ مزدوروں کو پنشن، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

عالمی یومِ مزدور کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Scroll to Top