معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر 7 مئی کو بھارت کی جانب سے کی گئی کارروائی کے بعد سرحدی علاقوں میں پاک فوج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، افواجِ پاکستان کی بروقت کارروائی نے صورتحال کو کنٹرول کیا اور قومی دفاع کو مضبوط بنایا۔
خیبرپختونخوا کے مقامی افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث آئندہ کسی بھی جارحیت سے قبل دشمن کو کئی بار سوچنا پڑے گا، شہریوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کی عوام ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
بھارت کی جانب سے ماضی میں رات کی تاریکی میں کارروائیاں کی گئیں تاہم پاکستان نے ہمیشہ کھلے اور واضح انداز میں جواب دیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں مؤثر دفاعی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی دنیا نے تسلیم کر لی، چیف آف ایئر اسٹاف
شہریوں نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مبینہ فضائی کارروائیوں کے دوران بھارتی طیاروں کو نقصان پہنچا، جس سے خطے میں طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں نظر آیا۔
خیبر پختونخوا کے عوام نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں اور قومی سلامتی کے معاملات پر افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی برقرار رکھیں گے۔





