ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کا ایران کی 14 نکاتی تجاویز پر جواب پاکستان کے ذریعے تہران تک پہنچا دیا گیا ہے جس کا اس وقت جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کیا گیا 14 نکاتی منصوبہ مکمل طور پر جنگ کے خاتمے پر مرکوز ہے اور اس میں جوہری معاملے کی تفصیلات شامل نہیں کی گئیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی میں کمی لانا اور فوری جنگ بندی کی راہ ہموار کرنا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنا باضابطہ ردعمل مکمل غور و فکر کے بعد دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اور امریکا تنازع کے حل کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، ایرانی سفیر
ایک اور سوال کے جواب میں اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکا کی جانب سے بارودی سرنگوں کی صفائی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی رپورٹس بعض میڈیا اداروں کی خیالی کہانیاں ہیں۔





