ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بعض علاقوں، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں وقتی کمی آسکتی ہے۔
گزشتہ روز ملک کے گرم ترین علاقے جیکب آباد اور شہید بینظیر آباد رہے جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اسی طرح لسبیلہ، تربت، دادو، پڈعیدن، موہنجو دڑو اور حیدرآباد میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر شہروں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ کراچی میں 38، لاہور میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آباد، کوئٹہ اور مظفرآباد میں درجہ حرارت 34، پشاور میں 33 اور گلگت میں 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق شہریوں کو گرمی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





