بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے وکلاء اور اہلِ خانہ کی ملاقات کا دن مقرر کر دیا گیا ہے، جس کے لیے پارٹی کی جانب سے ناموں کی فہرست جیل حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چھ وکلاء رہنماؤں پر مشتمل فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عدنان شہزاد مرزا، فتح اللہ برکی، امیر اعجاز اور کومل جدون بھی فہرست کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ وکلاء آج اڈیالہ جیل پہنچ کر عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ اسی روز بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی فیملی کے افراد کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
مزید برآں علیمہ خان نے پارٹی کے ارکانِ پارلیمنٹ، ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز اور سینئر قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی آج اڈیالہ جیل پہنچیں۔
پارٹی حلقوں کے مطابق یہ ملاقاتیں موجودہ سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔





