علم کا چراغ بجھ گیا! مولانا ادریس کی شہادت پرشاہد آفریدی کا اظہارتعزیت

علم کا چراغ بجھ گیا! مولانا ادریس کی شہادت پرشاہد آفریدی کا اظہارتعزیت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے جید عالمِ دین، شیخ الحدیث اور سابق رکنِ صوبائی اسمبلی جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد ادریس ترنگ زئی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شاہد آفریدی کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری بیان میں کہا گیا کہ مولانا ادریس کی بزدلانہ قاتلانہ حملے میں شہادت کی خبر سے دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی شہادت قبول فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔

اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ “علم و تقویٰ کا یہ ستارہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا” اور امید ظاہر کی کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب افسوسناک واقعہ منگل کی صبح چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مولانا محمد ادریس کو شہید کر دیا۔ وہ اپنے گھر سے مدرسے جا رہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی پر پیچھے سے حملہ کیا گیا۔

حملے میں گاڑی میں موجود دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، جبکہ مولانا ادریس موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top