بلوچستان میں دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، حاضر سروس و ریٹائر سول و عسکری حکام سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ کرنل خالدحسین کا تعلق سرگودھا سے تھا جو بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کمانڈ کرتے ہوئے زخمی ہوئے اور بعد ازاں شہید ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی جرات، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور یہ قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔





