سعودی عرب میں آسمان پر آج صبح 7 بجکر 50 منٹ پر چاند کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا ایک انتہائی دلفریب منظر دیکھا جائے گا۔
سعودی عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ رواں سال میں دوسرا موقع ہوگا جب چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر دکھائی دے گا اور یہ انسانی آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکے گا۔
جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ کے مطابق چاند مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 50 منٹ اور 31 سیکنڈ (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 50 منٹ ) پر اپنی انتہائی بلندی پر پہنچ جائے گا۔
ماجد ابو زاہرہ کا کہنا ہے کہ اس وقت چاند تقریباً 89.87 ڈگری کے زاویے پر ابھر کر خانہ کعبہ کے بالکل اوپر موجود ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ یہ واقعہ صبح کے وقت پیش آ رہا ہے اس لیے آسمان پر سورج کی روشنی کی موجودگی کے باعث چاند رات کے مقابلے میں قدرے کم نمایاں دکھائی دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی پہلی چاند گاڑی ’’جناح ون‘‘ کب چاند پر اترے گی؟ سپارکو نے بتادیا
اس کے باوجود چاند کی یہ پوزیشن ان تمام دور دراز علاقوں کے مسلمانوں کے لیے قبلہ کی سمت کے درست تعین کے لیے ایک قدرتی اور بصری رہنما کا کام دے گی جہاں چاند افق پر دیکھا جا سکے گا۔





