پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی کے رکن اور سابق گورنر شاہ فرمان نے پارٹی کے اندر بلاامتیاز اور شفاف احتساب کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کسی مخصوص گروہ یا چند افراد کی جاگیر نہیں ہے۔
پختون ڈیجیٹل کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ احتساب کمیٹی کے پاس کئی اہم شخصیات کے خلاف سنگین شکایات موصول ہو چکی ہیں، جن پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور بہت جلد ان تمام شکایات کو عوامی سطح پر پبلک کر دیا جائے گا۔
شاہ فرمان نے احتسابی عمل کی شفافیت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ اب کوئی بھی کارروائی بند کمروں میں نہیں ہوگی بلکہ سب کچھ میڈیا کے سامنے آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جن افراد کو کمیٹی کی جانب سے خطوط لکھے جائیں گے، وہ خطوط بھی میڈیا کے ساتھ شیئر ہوں گے اور ان کے جواب میں جو بھی صفائی یا بیان سامنے آئے گا، اسے بھی من و عن عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سابق گورنر نے پارٹی کی ملکیت کے حوالے سے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اگر چار پانچ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی ان کی ذاتی ملکیت ہے تو وہ سخت غلط فہمی کا شکار ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ 30 سالوں کے دوران تحریک انصاف کے 100 سے زائد کارکنوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، یہ پارٹی ان شہداء اور ان مخلص کارکنوں کی ہے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں قربانیاں دیں۔





