محکمہ موسمیات کے نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 مئی کی شام سے بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک تازہ لہر 10 مئی کو صوبے کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوگی جس کے باعث پشاور، سوات، ایبٹ آباد، مردان، کوہستان، مانسہرہ اور صوابی سمیت دیگر اضلاع میں 12 مئی تک وقفے وقفے سے بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے ساتھ ساتھ یہ موسمی نظام پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کرے گا، جہاں مری، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں یہ سلسلہ 11 سے 13 مئی کے دوران رہے گا۔ اس بارش سے بالائی علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، تاہم سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں موسم بدستور شدید گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی اور آسمانی بجلی کی وجہ سے سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
خاص طور پر کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گندم کی کٹائی اور سنبھال کے حوالے سے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کریں۔
تمام متعلقہ انتظامی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔





