قوم سیسہ پلائی دیوار، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا، آئی جی اسلام آباد

اسلا م آباد: انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ قوم “بنیان مرصوص” کی طرح متحد ہے اور پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو اپنی اوقات میں رہنا چاہیے۔

معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ اور طرزِ زندگی ہے، جبکہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہے۔ ان کے مطابق اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گی۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، جس کے بعد پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر ابھرا ہے۔

انہوں نے پاک فوج، فضائیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو بنیان مرصوص کی عملی تصویر قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔

علی ناصر رضوی کے مطابق اس دوران قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور عوام میں ایسا جذبہ دیکھنے میں آیا کہ شہری بارڈر پر جانے کے لیے بھی تیار تھے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی ایک تاریخی دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پاکستان آج عالم اسلام میں ایک مرکزی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ ہر پاکستانی جوان، ہر بیٹی، ہر طالبعلم اور ہر پولیس اہلکار بنیان مرصوص کا حصہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس کی 11 ہزار فورس اور 44 لاکھ شہری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اختتام پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو اپنی حدود میں رہنا ہوگا، اور قوم مکمل طور پر متحد، تیار اور اپنے وطن پر فخر کرنے والی ہے۔

Scroll to Top