معرکہ حق کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، رانا ثنا اللہ

فیصل آباد: مشیر وزیراعظم اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور ملک کی ساکھ میں واضح بہتری آئی ہے۔

اپنے آبائی علاقے فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا ہے اور آج پاکستان عالم اسلام میں امن کے سفیر کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم ممالک پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، جبکہ پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو بھی سلام پیش کیا۔

مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ دشمن شکست کے بعد اب سازشوں میں مصروف ہے اور پاکستان کے ہمسایہ ملک کو ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک برادر ہمسایہ ملک ہے اور خطے میں استحکام کے لیے مثبت تعلقات ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا اور ایران کشیدگی: خطے میں مزید تناؤ نہیں چاہتے، ترک صدر کا واضح اعلان

انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون نافذ کرنے والے ادارے قابل تحسین کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتی محاذ پر بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ملک کے درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سے متعلق چیلنجز کو بھی قومی اتحاد کے ساتھ حل کیا جائے گا۔

Scroll to Top