یوکرین تنازع ختم ہونے کے قریب ہے، امید ہے ایران معاملہ بھی جلد حل ہوگا، پیوٹن

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امید ظاہر کی ہے کہ یوکرین تنازع اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ ایران سے متعلق جاری کشیدگی بھی جلد ختم ہو جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان اہم گیس اور تیل معاہدوں پر پیش رفت جاری ہے اور دونوں ممالک بڑے اقتصادی معاہدوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ سلوواکیہ کے وزیراعظم نے انہیں بتایا ہے کہ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلینسکی ذاتی طور پر ان سے ملاقات کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر امن معاہدے پر پیش رفت ہوتی ہے تو دونوں رہنماؤں کی کسی تیسرے ملک میں ملاقات ممکن ہو سکتی ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکراتی عمل میں سہولت کاری پر امریکا کا شکریہ ادا کیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ بنیادی طور پر روس اور یوکرین کے درمیان معاملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات ناکام ہوئے تو “پراجیکٹ فریڈم پلس” کی طرف جا سکتے ہیں، ٹرمپ

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ جنگ بندی کا اعلان بھی سامنے آیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ 9، 10 اور 11 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی برقرار رہے گی، جبکہ اس دوران روس اور یوکرین میں یومِ فتح کی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔

امریکی صدر کے مطابق جنگ بندی کے دوران دونوں ممالک ایک ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ بھی کریں گے، جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top