پشاور میں محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے سرکاری اسپتالوں اور صحت مراکز میں او پی ڈی پرچی کے اجرا کیلئے مریض کا شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبر درج کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ضلعی ہیلتھ آفیسر پشاور کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ شناختی کارڈ نمبر کے بغیر کسی بھی مریض کو او پی ڈی پرچی جاری نہ کی جائے۔
مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اسپتالوں اور صحت مراکز کو ادویات کی تازہ فہرست نمایاں طور پر نوٹس بورڈز پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ مریضوں کو دستیاب ادویات سے متعلق مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔
محکمہ صحت نے تمام متعلقہ اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد صحت کے نظام میں شفافیت، بہتر نگرانی اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔





