انگلش بورڈ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغانستان کے خلاف کوئی بھی باہمی کرکٹ سیریز نہیں کھیلی جائے گی۔
بورڈ حکام کے مطابق اس فیصلے کی بنیادی وجہ افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیاں ہیں۔ ای سی بی کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، کھیل اور سماجی سرگرمیوں سے محروم رکھنا صنفی امتیاز ہے، جو بین الاقوامی کھیلوں کے اصولوں اور روح کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں افغانستان کے ساتھ معمول کے کرکٹ تعلقات برقرار رکھنا انسانی حقوق کے معاملات کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہوگا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کرکٹ بھی طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کے خلاف باہمی سیریز منسوخ کر چکا ہے۔ تاہم گزشتہ برس ICC Champions Trophy کے دوران افغانستان کے خلاف میچ کھیلا گیا تھا کیونکہ یہ ایک عالمی ٹورنامنٹ تھا اور اس سے دستبرداری کی صورت میں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
دوسری جانب افغانستان کی جانب سے خواتین کرکٹ ٹیم تشکیل نہ دینے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ مکمل رکن ممالک کے لیے خواتین کرکٹ کا باقاعدہ ڈھانچہ قائم کرنا ضروری تصور کیا جاتا ہے۔
ادھر برطانوی ٹیم نے اپنے 2026 کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت نیوزی لینڈ، بھارت، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کھیلی جائیں گی۔





