الیکٹرک بائیکس سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

اسلام آباد: ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹیز کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ بعض ماڈلز کی شدید طلب کے باعث مارکیٹ میں قلت پیدا ہونے سے ’اون منی‘ کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی تیل بحران کے اثرات پاکستان کے آٹو سیکٹر پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ اسی صورتحال میں الیکٹرک وہیکل مارکیٹ تیزی سے وسعت اختیار کر رہی ہے۔

اس تناظر میں ملک کی معروف ٹریکٹر ساز کمپنی ملت ٹریکٹرز نے بھی الیکٹرک بائیک کی تیاری کے امکانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو بتایا گیا ہے کہ اس کے گروپ کی ایک کمپنی پاکستان میں ای وی بائیک منصوبے پر ابتدائی سطح پر غور کر رہی ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض ای وی بائیک اسمبلرز نے اپریل کے دوران 15 ہزار سے زائد یونٹس فروخت کیے، جبکہ کچھ کمپنیوں کی فروخت 5 ہزار یونٹس تک رہی۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ جوزف وجے نے استعفیٰ دے دیا

تاہم موٹر سائیکل سیکٹر کے ماہر محمد صابر شیخ نے ان اعداد و شمار کو مبالغہ آمیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ اور اپریل کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر تقریباً 30 ہزار الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹیز فروخت ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اسمبلرز نے گزشتہ چند ہفتوں میں پرزہ جات درآمد کرنے کے لیے مزید لیٹر آف کریڈٹ کھولے ہیں۔ ان کے مطابق بعض مقبول ماڈلز پر 10 سے 15 ہزار روپے تک ’اون منی‘ بھی وصول کی جا رہی ہے۔

ادھر چیری ماسٹر پاکستان بھی مقامی مارکیٹ میں نئے ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کے ماڈلز متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جن میں ٹیگو 4 ایچ ای وی، کیو کیو بی ای وی اور ٹیگو وی شامل ہیں۔

دوسری جانب پاک سوزوکی نے بھی اپنی نئی گاڑی ’سوزوکی فرنکس‘ کراس اوور کی مختلف اقسام کی ابتدائی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس سے آٹو مارکیٹ میں مزید مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top