ملک بھر میں بارشوں، ژالہ باری اور تیز آندھی کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔

جڑواں شہروں میں شام کے وقت تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے بعد مختلف علاقوں میں بارش بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 13 مئی تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ حکام کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے سے برفانی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ موجود ہے، جس سے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں جشن بھارت میں سوگ کا سماں، کشمیری مسلمان بنیان مرصوص کی خوشیوں میں شریک

این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے قبل از وقت موسمی جائزے کے مطابق ہے، جو اپریل تا جون کے دوران ممکنہ صورتحال کے حوالے سے پہلے ہی جاری کیا جا چکا تھا۔

Scroll to Top