سپارکو نے ذوالحج 1447 ہجری کے چاند اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ سے متعلق اہم فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ 17 مئی 2026 کو غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے نسبتاً موزوں سمجھی جاتی ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جس سے چاند دیکھنے کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں۔
فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اگر موسم صاف اور افق واضح رہا تو 17 مئی 2026 کی شام ذوالحج کا چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔
سپارکو کے مطابق یکم ذوالحج 1447 ہجری کا آغاز بروز پیر 18 مئی 2026 کو متوقع ہے، جبکہ اسی حساب سے عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ ذوالحج کے چاند کی رویت اور اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مشاہدات کی بنیاد پر باضابطہ اعلان کرتی ہے۔





